نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک میں اپنی نوعیت کے ایک منفرد واقعے میں عدالت کی ایک جج نے مجرم کو 10سال قید سنانے کے چند منٹ بعد اسی مجرم کی شادی بھی کروا دی۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق جج میلینا مک گوئنگل نے انتھونی سین تیاگو نامی شخص کو 2022ء میں نیویارک کے ایک گھر میں ڈکیتی کرنے کے جرم میں 10سال قید کی سزا سنائی اور کچھ ہی دیر بعد وہ مجرم اپنی گرل فرینڈ وکٹوریہ کے ساتھ کورٹ میرج کے لیے جج میلینا مک گوئنگل ہی کی عدالت میں آ گیا۔ 33سالہ انتھونی کو قید کی سزا سنانے کے بعد کچھ دیر بعد اسی جج نے انتھونی اور وکٹوریہ کو میاں بیوی ڈکلیئر کیا۔ رپورٹ کے مطابق انتھونی امریکی ریاست اوہائیو کا رہائشی ہے، جو ایک گھر کے مالک کو اپنی کار دینے گیا تھا جو اس نے آن لائن خریدی تھی۔ گھر کو اندر سے دیکھنے کے بعد انتھونی نے اپنے دو دوستوں 18سالہ ملک شہباز اور 31سالہ اینڈریز ایرزولا ٹوریو کے ساتھ مل کر اس گھر میں ڈکیتی کا منصوبہ بنایا اور 27جون 2022ء کو اس منصوبے پر عملدرآمد کر ڈالا۔