واشنگٹن میں ایک گھر سے جوہری راکٹ برآمد
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک گھر سے جوہری مواد لے جانے کیلئے استعمال ہونے والا راکٹ برآمد ہوا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے نے واشنگٹن پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ بلویو کے علاقے میں ایک گھر کے اندر ایک انتہائی بڑے سائز کا راکٹ موجود ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گھر ایک ایسے شخص کا ہے جو وفات پا چکا ہے اور اس کے گھر سے ملنے والا راکٹ دراصل غیرفعال حالت میں تھا۔
پولیس کے مطابق اوہائیو میں ایئر فورس کے میوزیم کی انتظامیہ کو فون کر کے کسی نے فوجی راکٹ رضاکارانہ طور پر بطور عطیہ دینے کی پیشکش کی تھی، جو اس نے مرنے سے قبل پڑوسی کو دے دیا تھا اور بتایا تھا کہ اسے ایک نیلامی میں خریدا گیا تھا۔اس کال کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور پولیس ٹیم بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر حکام کے ہمراہ اس مقام پر پہنچی۔
زنگ آلود راکٹ کو قبضے میں لے لیا گیا اور تحقیقات کے بعد جو رپورٹ پیش کی گئی اس کے مطابق یہ ڈگلس نامی ایئر ٹو جینی (جس کا اس وقت نام ایم بی ون تھا) ہے، یہ ایک ان گائیڈڈ فضا سے فضا میں مار کرنے والا راکٹ ہے، جو اپنے ساتھ جوہری ہتھیار لے کر جانے کی صلاحیت بھی رکھتا تھا۔راکٹ کے ساتھ کسی قسم کا کوئی جوہری یا کوئی دوسرا مواد منسلک تھا اور نہ اس میں ایندھن تھا، یعنی یہ ہر لحاظ سے بے ضرر تھا۔