سیلم (ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی ریاست اوریگون میں 15 جنوری 1980 کو ایک کالج میں طالبہ کے قتل کا کیس بالآخر چیونگم سے ملنے سے والے ڈی این اے کی بنیاد پر 44 سال بعد حل ہو گیا۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق 19 سالہ باربرا ٹکر کو کالج کی پارکنگ سے اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر قتل کردیا گیا تھا۔
اس وقت پولیس نے ہر ممکن کوشش کی لیکن کیس حل نہ ہوسکا تھا اور کیس کو جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد وغیرہ کو محفوظ کرکے بند کردیا گیا تھا تاہم 2000 میں ڈی این اے پروفائلنگ کے دوران یہ کیس دوبارہ کھل گیا۔
متاثرہ طالبہ کے محفوظ شواہد میں سے ڈی این اے کے ذریعے پروفائلنگ کی گئی تو ایک چیونگم سے ملنے والے ڈی این اے سے ایک شخص پر شک ہوا جس کا ڈی این اے ڈیٹا دستیاب تھا۔لیکن اس شخص کو براہ راست گرفتار نہیں کیا جا سکتا تھا اس لیے ایک جاسوس کو تعاقب پر لگایا گیا جس نے ملزم کے تھوک کا نمونہ حاصل کرلیا جو قتل کے شواہد سے ملنے والے ڈی این اے سے میچ کر گیا۔
اس طرح پولیس نے قاتل رابرٹ پولیمٹن کو حراست میں لے لیا جس کی عمر اب 60 سال ہے۔ ملزم پر فرد جرم بھی عائد کردی جبکہ سزا جون میں سنائے جانے کا امکان ہے۔