گوگل کروم میں ایک کارآمد فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو ایسے صارفین کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو اس ویب براؤزر پر مضامین پڑھنے کے عادی ہوتے ہیں۔
گوگل کے اس مقبول ویب براؤزر کے اینڈرائیڈ ورژن میں Listen to this page نامی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کروم ایپ کے اندر کسی ویب پیج کو بلند آواز میں سن سکیں گے۔
اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا اور یہ ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو مصروفیت کے باعث کسی مضمون کو پڑھنے سے قاصر ہوں گے۔
تو جب وہ کسی اور کام میں مصروف ہوں گے، اس وقت وہ ویب پیجز کو سن سکیں گے۔
یہ فیچر تمام ویب سائٹس پر کام نہیں کرے گا جبکہ جن سائٹس پر اسے استعمال کرنا ممکن ہے، وہاں بھی اسے خود دریافت کرنا ہوگا۔
اس کے لیے کروم ایپ کے اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ مینیو میں جاکر Listen to this page آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
ایسا کرنے پر پوڈ کاسٹ جیسے کنٹرولز تک رسائی بھی ملے گی یعنی پلے، pause اور دیگر آپشنز نظر آئیں گے۔
ابھی یہ فیچر انگلش، فرنچ، جرمن، عربی، ہندی اور اسپینش زبانوں میں کام کرے گا۔
یہ فیچر بتدریج تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے اور جلد دنیا بھر میں اسے استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ گوگل اسسٹنٹ بھی ویب پیجز کو سنانے کی صلاحیت رکھتا ہے مگر اب اسے براہ راست کروم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔