اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی اے ، ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کو 4 مارچ کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان بار کونسل کو عدالتی معاونت کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیے۔بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں کہا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے کے ڈی جیز بیمار ہیں۔ عدالت نے ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت سے قبل میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیکل سرٹیفکیٹ دیں کہ بیماری کس نوعیت کی تھی جس کے باعث عدالت نہیں آ سکے۔ دوران سماعت اے پی این ایس کے وکیل نے پاور آف اٹارنی اور جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی۔ عدالتی معاون جاوید جبار کی طرف سے بریف جمع کرا دیا گیا۔ آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری نے جواب جمع کرانے کا کہا اور بتایا کہ سینئر صحافی مظہر عباس بھی عدالت کی معاونت کیلئے بریف جمع کرائیں گے۔ عدالت نے پاکستان بار کونسل کو عدالتی معاونت کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔