سیکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں،ایران کے حملے کی مزید تفصیلات جلد سامنے …
کوئٹہ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہےکہ ایران کی طرف سے پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی تعلقات، اعتماد اور تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہے۔سیکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں،ایران کے حملے کی مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دشمن قوتیں بیرونی مداخلت کی کوشش کررہی ہیں لیکن دشمن کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دفترخارجہ کہہ چکا ہےدہشتگردی خطےکے ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کےلیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے، ہم سیاسی کارکن ہیں اورہر قسم کی دہشتگردی کےخلاف ہیں۔
“جیو نیوز ” کے مطابق ایرانی حملے پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے پاکستانی خود مختاری کی خلاف ورزی تعلقات،اعتماد اور تجارتی روابط کو نقصان پہنچاتی ہے، بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں۔ ایران کےحملے میں 2 بچیاں شہید ہوئیں اور3 زخمی ہیں، دفتر خارجہ نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے، مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔ پاکستان کے مستعد ادارے دہشتگردوں سے نمٹنا جانتے ہیں، مزید علیٰحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، ہم ان سے باہمی تعلقات پریقین رکھتےہیں، دہشتگردی کے بہت سے واقعات میں افغانستان کےلوگ ملوث رہےہیں۔