اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عدت میں نکاح کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں خاور مانیکا کے وکیل کی آمد تک وقفہ کر دیا۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی جس کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے معاون وکیل پیش ہوئے۔
معاون وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر کونسل راستے میں ہیں، 10 بجے تک ان کا انتظار کر لیں۔
جج شاہ رخ ارجمند نے معاون وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس کی طرف سے ہیں؟
معاون وکیل نے جواب دیا کہ میں اپیل کنندہ کی طرف سے پیش ہوا ہوں۔
جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ شکایت کنندہ کی طرف سے کون آیا ہے؟
اس موقع پر شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ دیکھ لیتے ہیں کہ کوئی پیش نہ ہوا تو آج فیصلہ کروں گا۔
خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی کی طرف سے جونیئر وکیل پیش ہوئے جنہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ رضوان عباسی ابھی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، اپیلوں پر سماعت کے لیے عدالت ساڑھے 11 بجے کا وقت رکھ لے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ میں نے وارننگ دی ہوئی ہے، رضوان عباسی آج نہ آئے تو فیصلہ کر دوں گا۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں دائر اپیلوں پر سماعت میں ساڑھے 11 بجے تک وقفہ کر دیا۔