لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر پروفیسر ذوالفقار علی نے منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران،پی پی صدور و ناظمین،کارکنان،وابستگان اور اہل لاہور کی عظیم الشان تاریخی41ویں عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یقیناً عالمی میلاد کانفرنس کی میزبانی بہت بڑا اعزاز ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے میلاد کو اہل لاہور نے شاندار اور تاریخی بنا دیا۔منہاج القرآن کی 41ویں عالمی میلاد کانفرنس سب سے بڑی اور تاریخی کانفرنس ہے اس کا سہرا لاہور تنظیم کے عہدیداروں کے سر ہے۔ مرد و خواتین،بچوں،بوڑھوں کا نماز عشاء سے لے کر نماز فجر تک مینار پاکستان کے سبزہ زار میں رکے رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اہلیان لاہور حضور نبی اکرم ﷺ سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔تحریک منہاج القرآن لاہور کی پوری ٹیم،تمام پی پی و یوسی تنظیمات،تمام فورمز،منہاج القرآن ویمن لیگ،یوتھ لیگ، ایم ایس ایم،علماء کونسل کے جملہ عہدیداران عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پروفیسر ذوالفقار علی نے کہاکہ میلاد النبی ﷺ کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔تحریک منہاج القرآن کے وابستگان و کارکنان محافل میلاد کا انعقاد کر کے امن،سلامتی،محبت،برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔ اہل لاہور خوش نصیب ہیں جنہیں عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔صدر منہاج القرآن لاہورپروفیسر ذوالفقار علی،ناظم لاہور امجد حسین چوہدری،سینئر نائب صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری،ناظم منہاج ویلفیئر لاہورکیپٹن(ر) عبد المجید سمیت دیگر تمام رہنماؤں نے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں پورے لاہور سے نکالے گئے مشعل بردار جلوسوں،محافل میلاد اور ضیافت میلاد کی پروقار اور شاندار تقریبات کے انعقاد پر بھی جملہ تنظیمات کو مبارکباد دی ہے۔