ہوم Pakistan نوازشریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمرشل لانچنگ...

نوازشریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمرشل لانچنگ کر دی

0



(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پاکستان کے پہلے نوازشریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کی کمرشل لانچنگ کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے آفیشل ”لوگو“ کی رونمائی کی۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے بارے میں معلوماتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔

نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے سی بی ڈی اور 15 آئی ٹی اور ایجوکیشن کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے۔ سی بی ڈی کے سی او او منصور جنجوعہ اور ملکی اور غیر ملکی اداروں کے نمائندگان نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا نمایاں مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ سی ای او سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی عمران امین نے این ایس آئی ٹی کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔سی ای او عمران امین نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا ڈیٹا سنٹرنواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جا رہا ہے۔ چین، امریکہ، ترکی اور دیگر ممالک کے سفیروں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی،وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام معزز سفیروں، صوبائی وزرا اور دیگر شرکا کو تقریب خوش آمدید کہا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف ڈھائی ماہ کی مختصر عرصے میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے سنگ بنیاد سے آج نئی تاریخ لکھی جا رہی ہے، میرا دل خوشی سے معمور ہے۔آئی ٹی سٹی نواز شریف کے نام سے منسوب ہے، جنہوں نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھی،ہمیشہ ترقی کی راہ ہموار کی۔ نواز شریف نے تھری جی،فورجی کی بنیاد رکھی، موٹر ویز، ایٹمی دھماکے سب نواز شریف نے کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا انقلاب دیکھنا چاہتی ہوں۔ عمران امین کو شاباش دیتی ہوں،انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے،اب آئی ٹی سٹی جلد از جلد مکمل کر کے دکھا دیں۔نواز شریف سٹی میں متعدد انٹرنیشنل ٹیک جائنٹس آ رہے ہیں، 10 کمپنیاں اپنے آفس بنانے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی 853 ایکڑ  پر مشتمل ہے، دس سال کے لیے اسے ٹیکس فری کردیا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اینڈ ٹیک دسٹرکٹ، نالج سٹی اور فلم سٹی ہوگا۔ نالج میں انٹرنیشنل یونیورسٹیاں اپنے کیمپس بنائیں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ فلم کی ترقی کے لئے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی بنے گا جس میں جدید ساز و سامان اور ٹیکنالوجی ہوگی۔ کمپنیوں کو بزنس میں مراعات دینے کے لیے این ایس آئی ٹی کو 10 سال کے لیے ٹیکس فری کر دیا ہے۔کمپنیوں کو لینڈ چاہیے تو لینڈ دیں گے گرے سٹرکچر چاہیئے تو وہ بنا کر دیں گے۔ نوجوانوں کی آئی ٹی میں ترقی کے لیے انکیوبیٹرز بنا کردیں گے، نوجوان تین ماہ میں اپنا کام شروع کریں۔ چند دن پہلے چار ہزار بچوں کے لیے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس میں مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی کے کورسز کرانے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے ایکسپرٹ ٹرینرز بلائے کہ وہ بچوں ٹریننگ کی تکمیل کے ساتھ ہی جاب ملے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی ہمارے نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملانے کا موقع دے گا۔ بچوں کو آئی ٹی کورسز کے اختتام پر انٹر نیشنل سرٹیفیکیشن ملے گی تاکہ فری لانسنگ میں مزید آسانی ہو۔بھارت میں اتنا بڑا آئی ٹی انقلاب آیا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں آ سکتا؟۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ ایک سال میں آئی ٹی کی سٹی کی دس بلدنگز بن جانی چاہیں۔موٹر وے، لیپ ٹاپ، تھری جی، فور جی یہ سب مسلم لیگ(ن) کی نشانیاں ہیں۔ فری وائی فائی پورے پنجاب میں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلد دوبارہ لیپ ٹاپ سکیم شروع کر رہے ہیں، انشاء اللہ جلد ای بائیکس مہیا کریں گے۔ درخواست دینے والی دس ہزار کے قریب بچیوں کو ای بائیکس دینے کی ہدایت کی ہے۔  سینیٹر پرویز رشید، وفاقی وزیر شیزا خواجہ، سینئر منسٹرمریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ء خواجہ سلمان رفیق،مجتبیٰ شجاع الرحمن،صہیب احمد برتھ، ذیشان رفیق، بلال اکبر،معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، چیئرمین روڈا اظفر ناصر، کمشنر اور دیگر حکام موجود تھے۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version