لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان ایڈمنسٹریٹو کالج میں زیر تربیت افسران نے لیسکو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر سے خصوصی ملاقات کی ۔
ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق انجینئر شاہد حیدر نے افسران کو لیسکو کے مختلف شعبہ جات اور کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھاکہ لیسکوکارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے، اصلاحات کے معاملے میں بھی لیسکو ہمیشہ پہلے نمبر پر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کی جانب سے ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک سسٹم کا آغاز کردیا گیا ہے، بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے جعلی حاضریوں اور جعلی اوورٹائم کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے زیر تربیت افسران کو بتایا کہ لیسکو کی جانب سے گزشتہ1 سال سے زائد عرصہ سے انسداد بجلی چوری اور ریکوری مہم جاری ہے، جس کی وجہ سے ریجن بھر میں بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے جبکہ ریکوری مہم کے ذریعے اب تک لاکھوں نادہندگان سے اربوں روپے کی ریکوری کی جاچکی ہے۔