ہوم Pakistan پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر...

پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر ہوئے، 120 افغانی پکڑے گئے: محسن نقوی

0


وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قافلے سے پولیس پر آنسو گیس شیل فائر کیے گئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قافلے میں شامل 120 افغان باشندے پکڑے گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چیک کر رہے ہیں کہ ان کے پاس آنسو گیس کے شیل کیسے اور کہاں سے آئے، پولیس پر فائرنگ کی گئی، یہ کیسا پُرامن احتجاج ہے؟

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سوال یہ بھی ہے کہ اس احتجاج میں افغان باشندے کیسے آئے؟ پتھر گڑھ میں پولیس پر فائرنگ ہوئی ہے، جس سے 85 پولیس والے زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنا احتجاج ہے تو افغان شہری کہاں سے آ رہے ہیں؟ اس تمام صورتِ حال کے ذمے دار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنان مسلسل املاک پر حملے کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے عزائم سے ہٹنے پر تیار ہیں، ان کو بہت سمجھانے کی کوشش کی ہے لیکن ان کے عزائم کچھ اور لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، ان سے کہا ہے کہ ایس سی او کانفرنس سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، شواہد ہیں کہ بنوں کے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ رائفل لے کر جائیں، اس سب صورتِ حال کے ذمے دار سی ایم کے پی ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دھاوا بولنے کی قیمت ادا کرنا ہو گی، ان کا مقصد صرف ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنا ہے، دھاوا بولنے پر تو کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔

اس موقع پر ایک صحافی نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے سوال کیا کہ کیا خیبر پختون خو میں ایمرجنسی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے؟

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جواب دیا کہ صدر اور وزیرِ اعظم رابطے میں ہیں، جو وہ اسٹریٹجی بنائیں گے اس پر عمل درآمد کریں گے، اس وقت وزیرِ اعلیٰ کے پی بہت بڑی لائن کراس کر رہے ہیں، ان کے پاس اسلحہ ہے، ہمارے جوان اب بھی بغیر اسلحے کے ہیں۔





Source

کوئی تبصرہ نہیں

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Exit mobile version