ہمارا پانی چوری کر کے ظالم حکمران ہمیں بیچتا ہے ،مصطفیٰ کمال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارا پانی چوری کر کے ظالم حکمران ہمیں بیچتا ہے۔
کراچی میں عوامی رابطہ مہم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہآٹھ فروری 2024 کا الیکشن کھیل تماشہ نہیں ہے، یہ الیکشن نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے ،یہ دنیا جنت نہیں امتحان کی جگہ ہے اس شہر میں صرف پانی چوری کرنے والے کا امتحان نہیں ،جس کا پانی چوری ہو رہا ہے اس کا بھی امتحان ہے ،ظلم کو روکنے کے لیے جدوجہد کی یا نہیں کی ،مظلوموں سے سوال ہوگا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے اسرائیل فلسطینیوں پر نہیں کراچی کی گلیوں پر بمباری کر رہا ہے ،پینے کا پانی آتا نہیں،سیوریج کا پانی گھروں سے جاتا نہیں،انسان کی زندگی ایک ڈینگی وائرس کے مچھر کی مار ہے ،یہ مچھر بھی غریب کو ہی کاٹ رہا ہے ،مظلوم اپنے حصے کی کوشش کرنے کو تیار نہیں ہے ،بلاول بھٹو پورے پاکستان میں جلسے کر کے خود کو وزیر اعظم کے لیے پیش کر رہے ہیں،بلاول بھٹو ایک یونین کونسل کا نہیں بتا سکتے جو ماڈل طرز کی بنائی ہو ،بلاول بھٹو لاہور میں کھڑے ہو کر یہ نہیں کہہ سکتے ہمیں ووٹ دو شہر کو کراچی جیسا بنا دینگے۔