پی ایس ایل 9، سیزن شروع ہونے سے قبل کراچی کنگز کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے …
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) 2024ء سے قبل کراچی کنگز کو کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا مسئلہ درپیش آ گیا۔ ای ایس پی کرک انفو کے مطابق کراچی کنگز کے دو غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل میں محدود طور پر دستیاب ہوں گے۔ یہ کھلاڑی جنوبی افریقہ کے لیگ سپنر تبریز شمسی اور انگلینڈ کے آل رائونڈر جیمی اوورٹن ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تبریز شمسی پی ایس ایل کے صرف ابتدائی 6میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 6مارچ سے وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے چلے جائیں گے اور لیگ کے دوسرے ہاف میں کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ دوسری طرف جیمی اوورٹن بھی 5اپریل سے شروع ہونے والی کائونٹی چیمپئن شپ میں سرے کی نمائندگی کر رہے ہیں، جس کے لیے وہ پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑ کر واپس چلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور قلندر کے رسی وین ڈیرڈوسن بھی کرکٹ جنوبی افریقہ کے ساتھ معاہدے اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے باعث پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑ جائیں گے۔ ملتان سلطانز کو بھی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے سبب ایک بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ ان کے فاسٹ باؤلر احسان اللہ اور ریس ٹوپلے انجری کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔