لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو ) کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ،پچھلے24گھنٹوں میں 350ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 350ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے137کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔پکڑے جانے والے کنکشنز میں 9 کمرشل،1انڈسٹریل،2زرعی اور351 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو2 لاکھ41 ہزار3سو88 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 85لاکھ88 ہزار9سو35 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو3 لاکھ روپے،پھولنگر کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ54ہزار700 روپے،اکبری گیٹ کے علاقے میں ایک ملزم کو2لاکھ اورداتا دربار میں ایک ملزم کو1 لاکھ50ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔
انسداد بجلی چوری مہم کو172مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 59 ہزار7سو6 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54 ہزار8 سو59ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار7سو95 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 83 لاکھ76 ہزار4سو یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 99 کروڑ73 لاکھ35 ہزار26 روپے ہے۔
واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔