(24نیوز )سانحہ 9مئی کے بعد روپوشی اختیار کرنے والے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر منظر عام پر آ گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماحماد اظہر نے روپوشی ختم کردی اور اچانک اسلام آباد میں موجود پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ کل رؤف حسن پر حملے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملا ،بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب آپ کا باہر آنے کا وقت ہوگیا ہےاور کہا کہ پنجاب میں تحریک شروع کریں ۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے باقی روپوش رہنما بھی منظر عام پر آئینگے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مراد سعید سمیت اب تمام روپوش رہنما باہر آئینگےتا ہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا مراد سعید کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی 6، بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی
انہوں نے کہا کہ مفروری کی دوران بھی مجھے دھمکیاں دی گئی ، مجھے کہا گیا کہ اگر میں پکڑا گیا تو مجھ پر تشدد ہوگا ، میں ہر چیز کیلئے تیار ہوں ، انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر کے سامنے نہیں جھکیں گے ،مجھ پر 50 سے زائد جھوٹے مقدمے بنائے گئے، کسی مقدمے میں پستول کسی میں بارودی مواد ڈالا گیا ،جہاں جہاں مقدمے ہیں وہاں جائے وقوع پر میں موجود ہی نہیں تھا، میں بے گناہ ہوں ، پشاور جاکر قبل ازوقت گرفتاری لوں گا ، پنجاب کی عدالتوں میں بھی پیش ہوں گا، انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان کو اس نوبت پر لے آئےہیں کہ اب حملے ہو رہے ہیں۔